امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امید وار ڈونلڈ ٹرمپ نے اقلیتی برادری سے ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کی اپنی حریف ہلیری کلنٹن پر متعصب اور ہٹ دھرم ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
مسیسپی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حریف: ’مختلف نسل کے لوگوں کو ایسے نہیں دیکھتیں کہ وہ ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں بلکہ انھیں صرف ووٹ کے طور پر دیکھتی ہیں۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ محترمہ کلنٹن اور
ڈیموکریٹک پارٹی نے امریکہ کی افریقی برادری کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔
محترمہ کلنٹن نے بھی اس کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ نفرت کی تحریک کو مرکزی دھارے میں لارہے ہیں۔‘
ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر یہ کہہ کر سخت نکتہ چینی کی انھوں نے صدر اوباما کی شہریت پر سوال اٹھائے اور متنازع قوم پرست اور یہود مخالف رہنما ڈیوڈ ڈیوک سے دوری بنانے میں ناکام رہے۔
انھوں نے کہا کہ ووہ خود کٹّر پن، تعصب اور دماغی خبط کو گھر گھر جاکر فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔